لاہور(نمائندہ خصوصی ) آسٹریلوی ٹیم کے عبوری کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے تسلیم کیا ہے کہ کپتان ایرون فنچ اچھی فارم میں نہ ہونے کی وجہ سے مایوس ہیں لیکن کھیل میں ہر کھلاڑی کے ساتھ ایسا ہوتا رہتا ہے، ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ وہ اچھی اننگز کھیل کر فارم حاصل کرلیں۔ ورچوئل پریس کانفرنس میں آسٹریلوی عبوری ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ یقین ہے کہ واحد ٹی ٹوئنٹی میں آشٹن اگر اور جوش انگلس بھی پلینگ الیون کے لیے دستیاب ہوں گے، ون ڈے سیریز میں بہترین کھلاڑی میدان میں اتارے، ٹریوس ہیڈ نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ پاکستانی کپتان کی تعریف کرتے ہوئے اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا کہ بابر اعظم ورلڈ کلاس بیٹر اور اس وقت بہترین فارم میں ہیں جس کا فائدہ پاکستان ٹیم کو مل رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف آج شیڈول ٹی ٹوئنٹی میچ میں مضبوط کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں حالات تھوڑا مختلف ہوتے ہیں، ٹاس کا کردار اتنا زیادہ نہیں تھا، پاکستانی ٹیم نے زبردست پرفارمنس دی اور خاص طور پر بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کی۔