پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب نے گریمی ایوارڈز 2022 میں بہترین گلوبل میوزک پرفارمنس کا ایوارڈ جیت لیا، انہیں ان کے گانے "محبت” کے لیے یہ ایوارڈ دیا گیا۔
عروج آفتاب نے گریمی کے لیے نامزد ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے اور یہ ان کی کے کیریئر کی پہلا گریمی ایوارڈ ہے۔ وہ بہترین نئے آرٹسٹ کی کیٹیگری کے لیے بھی نامزد ہیں۔
ایوارڈ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہ گانا ہے جس نے مجھے توڑا اور مجھے دوبارہ اکٹھا کیا۔ اسے سننے اور اسے اپنا بنانے کے لیے آپ کا شکریہ۔
عروج آفتاب نے 64 ویں گریمی ایوارڈز کے موقع پر اسٹیج پر کہا، ‘میں نے یہ ریکارڈ ہر اس چیز کے بارے میں بنایا جس نے مجھے توڑا اور مجھے دوبارہ اکٹھا کیا۔ اسے سننے اور اسے اپنا بنانے کے لیے آپ کا شکریہ۔۔
عروج آفتاب کو جاز اور صوفی گانوں میں عبور حاصل ہے، انہیں 64ویں گریمی ایوارڈز کی دو گیٹگریز “بہترین نئے فنکار” اور “بہترین عالمی میوزک پرفارمنس” کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
سعودی عرب میں پیدا ہونے والی 37 سالہ پاکستانی عروج آفتاب نے لاہور سے اپنی موسیقی کا آغاز کیا،اس کے بعد امریکہ کے برکلے کالج آف میوزک سے تعلیم حاصل کی اور اب تک ان کی تین سولو البم آ چکی ہیں۔
دوسری جانب،گریمی 2022 میں بیسٹ نیو آرٹسٹ کی کیٹیگری میں نوجوان امریکی گلوکارہ اولیویا روڈریگو کو ان کے گانے ڈرائیورز لائسنس کے لیے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
انیس سالہ گلوکارہ کو گریمی 2022 کے لیے چار کیٹیگریز بیسٹ نیو آرٹسٹ، سونگ، ریکارڈ اور البم آف دی ایئر کے لیے نامزد کیا گیا تھا جن میں سے وہ تین کیٹیگریز میں ایوارڈ اپنے نام کر سکیں۔
گریمی 2022 کے لیے سب سے زیادہ 11 نامزدگیاں حاصل کرنے والے امریکی موسیقار جان باٹیسٹ البم آف دی ایئر سمیت پانچ ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
سونگ آف دی ایئر کی کیٹیگری کے لیے امریکی بینڈ سِلک سونک کے گانے ‘لیو دی اوپن ڈور’ کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔