ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

امریکی سازش کیخلاف نوجوان ہر روز بھرپوراحتجاج کریں،عمران خان

لاہور: وزیراعظم عمران خان عوامی اجتماع سے خطاب کررہے ہیں

لاہور/اسلام آباد(نمائندگان جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت گرانے کی امریکی سازش کے خلاف نوجوان ہرروز احتجاج کریں تاکہ اسے پیغام جائے ہم زندہ قوم ہیں۔ لاہور گورنر ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے حکومت گرانے کی سازش ہوئی اور یہاں کے غدار اس سازش کا حصہ بن گئے، پاکستان کے عوام آزاد ہیں اور کسی کے آگے نہیں جھکتے لیکن یہ ملک دشمن اور آنے والی نسلوں کے لیے غدار ہیں جو اپنا ضمیر بیچ کر اپنے بچوں کا مستقبل تباہ کر رہے ہیں، ضمیر کا سودا کرنے والوں کو صرف تاحیات نااہل ہی نہیں کرائیں گے بلکہ جیلوں میں بھی ڈالیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ لاہور کے مقامی ہوٹل میں تماشا ہورہا ہے، ارکان کے ضمیر خریدے جا رہے ہیں، ارکان کو خرید کر حکومت گرانا کون سی جمہوریت ہے؟وزیراعظم کے بقول اگر آج بھارت فیصلہ کرے کہ پاکستان میں حکومت گرانی ہے تو وہ 10 سے 15ارب روپے میں بندے خرید کر حکومت گراسکتا ہے، اس لیے پوری قوم سے کہتا ہوں کہ اس سازش کو شکست دینا اور پرامن احتجاج کرنا آپ کا حق ہے۔عمران خان نے کہا کہ اتحادی حکومت میں ہمیشہ بلیک میل ہونا پڑتا ہے اس بار ہم اپنے لوگوں کی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائیں گے،ماضی میں غلطیاں ہوئیں، نظریاتی لوگوں کوٹکٹ نہ دینے کی سزا بھگتا پڑی۔ انہوں نے مزید کہاکہ آئندہ 3 ماہ میں ملک میں الیکشن ہوگا کارکن الیکشن کی تیاری کریں، اچکن اور شیروانیاں سلوانے والوں کو شرمندگی اٹھانا پڑی، آئندہ الیکشن میں انہیں سبق سکھائیں گے جو اس سازش کا حصہ بنے ان کی سیاسی قبر بنے گی، جو ایم پی اے مشکل وقت میں ساتھ رہے انہیں ٹکٹ دیں گے۔قبل ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سی ای سی نے پارلیمانی بورڈ تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جلد از جلد امیدواروں اور ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق پالیسی بنائی جائے، اپوزیشن میدان سے بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے، پارٹی کے پرانے ورکرز کو ٹکٹس دینے کو ترجیح دیں گے۔عمران خان نے کہا کہ مفاد پرست اور ضمیر فروشوں کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، مخلص اور قربانیاں دینے والے کارکنوں کو آگے لایا جائے گا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں