پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کو جوہری حملے کی دھمکی دے دی۔ پیانگ یانگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جنوبی کوریا نے کوئی فوجی کارروائی کی تو اس کا جواب جوہری حملے سے دیا جائے گا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی بہن اورحکومت کی سینئر خاتون عہدے دار کم یوجونگ نے اپنے بیان میں کہا کہ جنوبی کوریا نے ان کے ملک کے خلاف فوجی کارروائی کی تو یہ بڑی اور بھیانک غلطی ہوگی۔ شمالی کوریا جواب میں ایٹمی حملہ کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ شمالی کوریا جنگ کا مخالف ہے ، کیوں کہ اس سے جزیرہ نما کوریا تباہ ہوجائے گا۔ ہم اصولی طورپرجنوبی کوریا کو دشمن کے طورپر نہیں دیکھتے،تاہم کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں ملک کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ یاد رہے کہ جنوبی کوریا کے وزیردفاع نے بیان میں کہا تھا کہ ان کی فوج کے پاس ایسے میزائل موجود ہیں جوانتہائی تیزی اورمہارت کے ساتھ شمالی کوریا میں اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔اس بیان پر سخت ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم یو جونگ نے سیئول حکومت کو جوہری حملے سے خبردار کیا ہے۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا سال کے ابتدائی 3ماہ کے دوران کئی بار میزائل کے تجربات کرچکا ہے۔ ان تجربات پر جنوبی کوریا، جاپان اور امریکا تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
The post شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کو جوہری حملے کی دھمکی دے دی appeared first on Daily Jasarat News.