لاہور( نمائندہ خصوصی)قذافی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران اسٹیڈیم میں واقع جامع مسجد میں عشاء و تراویح کی ادائیگی میں شدید پریشانی کا سامنارہا۔ میچ کے دوران بے تحاشہ شور سے نمازیوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔اس موقع پر نمازیوں نے سخت احتجاج کیا اورکہاکہ رمضان کریم کے تقدس کو پامال کرکے پی سی بی کس کے ایجنڈے پر یہ تماشہ لگارہی ہے انہوں نے کہا کہ تیسرے ون ڈے میچ کے دوران بھی شائقین کے شور شرابے کے باعث نمازیوں کو شدید پریشانی کا سامناکرنا پڑا اور اس سلسلے میں نمازیوں نے پی سی بی سے احتجاج بھی کیاتھا، تاہم واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران ایک مرتبہ پھر نماز کے دوران طوفان بدتمیزی اپنے عروج پر تھی۔