حکومت اسرائیل نے مقبوضہ کنارے کے شمال میں چالیس کلومیٹر طویل دیوار کی تعمیر کے لیے ایک سو دس ملین ڈالر کا بجٹ منظور کر لیا ہے۔
ایک بیان کے مطابق، وزیراعظم نفتالی بینیٹ اور کابینہ ارکان نے اسرائیل پرحالیہ حملوں اور حفاظتی قوتوں سے اس بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
اس اجلاس میں اسرائیلی وزیر دفاع بینی گانٹز کی پیش کردہ تجویز کو قبول کرتے ہوئے مقبوضہ مغربی کنارے میں چالیس کلومیٹر طویل خاردار دیوار کی تعمیر کے لیے ایک سو دس ملین ڈالر کے بجٹ کو کابینہ کی حمایت سے منظور کر لیا گیا۔
مقبوضہ مغربی کنارے اور القدس کے درمیان سال 2003 سے تعمیر کردہ سات سو کلومیٹر طویل اور پانچ میٹر بلند دیوار کے ساتھ ساتھ اسرائیلی فوجی چوکیاں بھی قائم کی گئی ہیں، البتہ دیوار کے بعض کمزور اور غیر حفاظتی حصوں کے راستوں کو غیر قانونی طور پر اسرائیل میں کام کی غرض سے آنے والے فلسطینی استعمال کرتے رہتے ہیں۔