مظفرآباد(صباح نیوز)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ بھارت ہٹ دھرمی ترک کرکے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے۔ ان کے بقول مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے موجودہ حکومت عالمی فورم پر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے جو نتیجہ خیز ثابت ہوںگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر واعظ کشمیر مولانا محمد یوسف شاہ کی برسی کے موقع پراپنے بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ میر واعظ کشمیر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی لی،اسلامی ممالک کے دورے بھی کیے۔ قرآن مجید کا کشمیری زبان میں ترجمہ اور تفسیر ان کا ایسا بڑا کارنامہ ہے جسے قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔سلطان محمود چودھری نے کہا کہ میر واعظ کشمیر کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، کشمیریوں کی جدوجہد اپنے جائز موقف کے لیے ہے،کشمیری اپنی منزل ضرور حاصل کر کے رہیں گے۔

