کراچی( اسٹاف رپورٹر ) مدھو محمدن گلشن اقبال نے دلچسپ اور سنسنی خیز معرکہ میں شاہد میموریل بلدیہ ٹاؤن کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر دوسرے نیا ناظم آباد رمضان کپ فلڈ لائیٹس فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ مدھو محمدن کے گول کیپر سمیر بلوچ نے پنالٹی ککس روک کر ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ نیا ناظم آباد فٹبال گراؤنڈ میں پہلا سیمی فائنل مقابلہ انتہائی دلچسپ رہا۔ کھیل کا پہلا گول بیالیس ویں منٹ میں مدھو محمدن کے اسٹرائیکرمحمد عدیل نے اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ شاہد میموریل فٹبال کلب کے فارورڈ بلال خان نے پچاسی ویں منٹ میں گول داغ کرمقابلہ برابر کیا۔ مقررہ وقت میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر ہوا جس میں مدھو محمدن نے دو کے مقابلے میں تین گول سے کامیابی حاصل کی۔ مدھو محمدن کے گول کیپرسمیر بلوچ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے تین پنالٹی ککس روک کر ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردارا ادا کیا۔ سمیر بلوچ کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ میچ کے مہمان خصوصی سابق چیئرمین ڈی ایم سی ڈسٹرکٹ سینٹرل ریحان ہاشمی تھے جبکہ چیئرمین سندھ کلچر سیو آرگنائزیشن سلیم احمد چانڈیو اعزازی مہمان کے طور پر شریک ہوئے۔ ریحان ہاشمی کا کہنا تھا کہ نیا ناظم آباد میں کھیلوں کی سرگرمیاں خوش آئند ہیں۔ انہیں خوشی ہے کہ بیک وقت فٹبال اور کرکٹ کے مقابلے ہورہے ہیں جس میں شائقین بڑی تعداد میں موجود ہوکر ان دلچسپ مقابلوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا چیئرمین نیا ناظم آباد عارف حبیب کا احسن اقدام ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ ریحان ہاسمی نے مزید کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ مستقبل قریب میں نیا ناظم آباد میں تائی کوانڈو اور فینسنگ کے مقابلے بھی کرائیں۔ رمضان کپ فٹبال ٹورنامنٹ کا فائنل کل کھیلا جائے گا۔

