کیا آپ کو معلوم ہے کہ عثمانی یادگاروں میں سے سلیمانیہ سوشل کمپلیکس اپنے دور کے اہم تعلیمی مراکز میں سے ایک تھا؟
سلیمانیہ سوشل کمپلیکس اپنے دور کے حکمران یعنی قانونی سلطان سلیمان کی طاقت اور معمار سینان کی تعمیراتی ذہانت و فطانت کا امتزاج ہے۔ یہ سوشل کمپلیکس اپنے دور کے بڑے ترین سوشل کمپلیکسوں میں سے ایک ہے۔ اسے اپنے دور کے، سائنس کی مختلف شاخوں کے تعلیمی مرکز کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے ۔
سلیمانیہ سوشل کمپلیکس کی تعمیر 1550 میں شروع ہوئی اور سات سال کے عرصے میں مکمل ہو گئی۔ اپنے اقتصادی و ثقافتی کردار کے حوالے سے یہ عمارت کلاسیکی دور کی علامت شمار ہوتی ہے۔ سوشل کمپلیکس کے، مختلف شعبوں کے مدرسوں میں طب کا مدرسہ بھی شامل تھا۔ طبّی مدرسے کے دائیں طرف کی عمارت ہسپتال تھی۔ یہاں میڈیکل اسٹور اور حمام بھی موجود تھا۔ اس ہسپتال کو دیگر عثمانی ہسپتالوں سے منفرد بنانے والی خصوصیت اس کا شعبہ ذہنی امراض تھا۔ اس حصے میں موسیقی اور خصوصی ادویات سے ذہنی مریضوں کا علاج کیا جاتا تھا۔
سلیمانیہ سوشل کمپلیکس کی سب سے مسحور کن عمارت بلاشبہ سلیمانیہ جامع مسجد ہے۔ یہ مسجد بھی معمار سینان کی تعمیر کردہ دیگر عمارتوں کی طرح سادہ لیکن پُراحتشام عمارت ہے۔ مسجد کے صحن کے چاروں کونوں میں موجود چار مینار فتح استنبول کے بعد قانونی سلطان سلیمان کے چوتھے بادشاہ ہونے اور میناروں کی دس بالکونیاں سلطنت عثمانیہ کے دسویں بادشاہ ہونے کی علامت ہیں۔