کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 74سال میں آج ہم جس مقام پر کھڑے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی ورکرز جمہوریت کے استحکام اور ملک اور قوم کو بحرانوں سے نجات کے لیے اپنی اپنی پارٹیوں کے اندر سے موروثی سیاست کو بے دخل کرنے کی جدو جہد کریں ، باپ کے بعد بیٹا ، بھائی اور صرف خاندان کے لوگوں کو ہی آگے لانے کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا ، تمام پارٹیاں خود اپنے اندر جمہوریت کو مضبوط کریں اور پارٹی الیکشن کرائیں ،وڈیروں ، جاگیرداروں ، بااثر طبقات کے بجائے مڈل کلاس سے لوگوں کو ٹکٹ دیں ،ہمارا مطالبہ ہے کہ انتخابی اصلاحات میں متناسب نمائندگی کا طریقہ انتخاب شامل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت علاقہ فیصل کینٹ،گلشن جمال میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کنٹونمنٹ کونسلر وارڈ 2ابن الحسن ہاشمی نے بھی خطاب کیا،6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور آئندہ کا لائحہ عمل بتایا۔نائب امیرجماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر نے پاکستان ریلوے کوآپریٹیو سوسائٹی کے خلاف قرارداد پیش کی ،جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔اس موقع پر نائب امیر ضلع شرقی انجینئر عزیز الدین ظفر، سیکرٹری ضلع ڈاکٹر فواد،سیکرٹری اطلاعا ت زاہد عسکری ،سیکرٹری جماعت اسلامی علاقہ فیصل کینٹ شاہد، (ر)کرنل جاویدودیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں طاقت ور طبقہ سیاسی نظام پر مسلط ہے ، دیہی آبادیوں میں وڈیروں اور جاگیرداروں کا قبضہ ہے۔یہ وہ وڈیرے اور جاگیردار ہیں جنہیں قوم سے غداری کرنے پر انگریزوں نے زمینیں دی تھیں۔انہوں نے عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے اور اپنی طاقت کے بل پر ہی اسمبلیوں میں پہنچ جاتے ہیں ۔ جماعت اسلامی عوام کو دعوت دیتی ہے کہ جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں۔متناسب نمائندگی کے حصول سمیت تمام بنیادی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک کا حصہ بنیں۔ جماعت اسلامی کے پاس امانت دار اور باصلاحیت افراد اور ٹیم موجودہے ،جماعت اسلامی عید الفطر کے بعد حقوق کراچی تحریک کو مزید آگے بڑھائے گی۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ سید ابن الحسن ہاشمی جس دن سے کنٹونمنٹ بورڈ کے کونسلر منتخب ہوئے اس دن سے آج تک عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔سید ابن الحسن ہاشمی نے کہاکہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں جیت کر سب سے پہلے پانی کا مسئلہ حل کریں گے اور الحمد للہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں گلشن جمال کے 5بلاک میں ہر پانچویں دن پانی تقسیم ہوتا ہے، ہم نے آئندہ کے لائحہ عمل میں گلشن جمال کے علاقہ مکین کو 100فیصد پانی کی فراہمی اور ٹینکر مافیا سے نجات دلانی ہے، جماعت اسلامی کی انتھک جدوجہد کے نتیجے میں 90فیصد سیوریج لائن کے مسائل حل ہوچکے ہیں بقیہ10 فیصد بھی حل ہوجائیں گے،ہم نے گلشن جمال کے عوام کے انفرادی مسائل بھی حل کرائے ہیں،گلشن جمال میں 2 پارک جماعت اسلامی نے بنوانے ہیں عید کے بعد ان شاء اللہ تعمیر ات کا کام مکمل ہوجائے گا۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ ریلوے سوسائٹی کا دفتر کلفٹن کے بجائے گلشن جمال میں فوری منتقل کیا جائے اور اس مقصد کے لیے ریلوے سوسائٹی نے اپنا دفتر بھی بلاک بی میں بنایا ہے لیکن ایک سازش کے تحت اسے یہاں منتقل نہیں کیا گیا ریلوے سوسائٹی کے دفتر یہاں منتقل ہونے سے قرب و جوار میں جتنے بھی ریلوے کے پروجیکٹ ہیں ان سب کو فائدہ ہوگا اور دفتر تک آسانی سے لوگوں کی رسائی ہو سکے گی۔ ان حالات میں ہم حکومت وقت سے اس قرارداد کے ذریعے مطالبہ کرتے ہیں گلشن جمال کور یلوے سوسائٹی کے چنگل سے آزاد کر کے اس کے تمام اختیارات اور فرائض فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کو منتقل کیے جائیں۔