اسلام آباد (نمائندہ جسارت) شمالی وزیرستان میں بین الاقوامی سرحد کے اُس پار افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں کی پاک فوج پر فائرنگ سے 3 جوان شہید ہو گئے۔ پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بین الاقوامی سرحد کے اس پار افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے ضلع دیواگر کے عمومی علاقے میں پاک فوج پر فائرنگ کی جس کا پاک فوج نے مناسب انداز میں جواب دیا۔ مصدقہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔ تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران حوالدار تیمور (سکنہ جہلم، عمر 30 سال)، نائیک شعیب (سکنہ اٹک، عمر 38 سال) اور سپاہی ثاقب نواز (سکنہ سیالکوٹ عمر 24 سال) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ افغان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔