مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینی فاؤنڈیشن فار ہیومن رائٹس وٹنیس نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت فلسطینی قیدیوں سے ناکردہ جرائم کا اعتراف کرانے کے لیے تشدد کررہی ہے۔ قابض حکومت فلسطینیوں کو بین الاقوامی معاہدوں اور قوانین کی ضمانت کے منصفانہ ٹرائل سے محروم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ عدالت میں پیشی کے دوران عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں۔ صہیونی پولیس جیلوں میں انسانیت سوز تشدد کرکے فلسطینیوں کو ان جرائم کا اقرار کرنے پر مجبور کرتی ہے،جو انہوں نے کبھی نہیں کیے ہوتے۔ انسانی حقوق تنظیم نے اپنے بیان میں فلسطینیوں کے خلاف ظالمانہ اسرائیلی ٹرائل پر عالمی برادری کی مجرمانہ غفلت کی مذمت کی۔ دوسری جانب صہیونی حکا م نے تل ابیب میں حملہ کرنے والے شہید رعد حازم کے خلاف انتقامی کارروائی کرتے ہوئے جنین میں ان کا مکان مسمار کرکے اہل خانہ کو دربد ر کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے جنین شہر اور کیمپوں پر دھاوا بولا۔