پاکستانی زائرین کے ایک گروپ نے سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے سلسلے میں مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ میں موجود وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے ساتھیوں سے بدتمیزی کی اور ان کے خلاف نعرے بازی کی۔
وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے۔
ان کے ہمراہ دورے پر بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسمٰعیل، نوابزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی سمیت دیگر بھی موجود ہیں۔
حکام جمعرات کی سہ پہر سعودی عرب پہنچے تھے اور بعد میں مسجد نبویﷺ میں نماز ادا کی۔
تاہم گزشتہ روز مسجد نبویﷺ میں اس وقت افسوسناک مناظر دیکھنے کو ملے جب وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کا وفد وہاں پہنچا، سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز کے مطابق مسجد میں موجود پاکستانی زائرین نے وزیر اعظم کو دیکھتے ہی ’چور‘ کے نعرے لگانا شروع کردیے۔
ایک اور ویڈیو میں زائرین کو وفاقی وزرا مریم اورنگزیب اور شاہ زین بگٹی سے بدتمیزی اور انہیں گالیاں دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جہاں ان دونوں وزرا کو سعودی حفاظتی گارڈز نے گھیرے میں لے رکھا تھا۔
بعد ازاں نعروں کے جواب میں ایک ویڈیو پیغام میں اورنگزیب نے کہا کہ یہ فعل ایک ’مخصوص گروپ‘ نے کیا جبکہ زیادہ تر پاکستانی مقدس مسجد کے تقدس کا احترام کرتے ہیں، میں اس واقعے کے ذمہ دار شخص کا نام نہیں لینا چاہتی کیونکہ میں اس مقدس سرزمین کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہتی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے ایسے لوگوں کے لیے رہنمائی کی دعا کی ہے تاہم جس طرح سے ان لوگوں نے ہمارے معاشرے کو نقصان پہنچایا ہے تو ہمیں ان معاملات کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا اور ہم اسے صرف ایک مثبت رویے کے ذریعے ہی بہتر کرسکتے ہیں۔
میں اس شخص کا نام اس پاک زمین پہ نہیں لونگی کیونکہ اس زمین کو سیاست کیلیےاستعمال نہیں کرنا چاہتی.لیکن انہوں نے جو معاشرےمیں تباہی کی.انہیں ٹھیک کرنےمیں بھی وقت لگےگا اور یہ بھی ہمارے مثبت رویوں سےٹھیک ہوگا.
ہم نے اپنےکارکنان کو ہدایت جاری کی ہیں کہ اپنےجذبات کو کنٹرول میں رکھیں pic.twitter.com/nfUxeeq1US— PML(N) (@pmln_org) April 28, 2022