اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اسٹیٹ بینک اس اہم فیصلے کا بغور مطالعہ کریں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے لکھا کہ ہم ربا کیس میں وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، حکومت اور اسٹیٹ بینک اس اہم فیصلے کا بغور مطالعہ کریں گے، پھر اس فیصلے کو نافذ کرنے کے عمل، اقدامات اور ٹائم فریم کا فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے لکھا کہ اس بارے میں وفاقی شریعت عدالت سے رہنمائی اور وضاحت طلب کریں گے۔خیال رہے کہ وفاقی شریعت عدالت نے ملک میں رائج سودی نظام غیر شرعی قرار دے دیاہے۔