لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ 27 رمضان المبارک کو سود کے خلاف وفاقی شریعت عدالت کا فیصلہ پوری قوم کے لیے تحفہ ہے۔حکمران بتائیں کہ وہ اللہ اور رسولؐ کے خلاف جنگ کا سلسلہ کب بند کریں گے۔ سودی نظام نے پوری دنیا کو غلام بنا رکھا ہے۔ غربت، بے روزگاری، فاقہ کشی جیسے مسائل سود ی معاشی نظام کی وجہ سے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد بلال نیو گارڈن ٹائون لاہور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا۔فرید احمد پراچہ نے کہا کہ سرمایہ دارانہ معیشت کی وجہ سے ملک زوال کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سودی کاروبار سے رحمتیں نہیں بلکہ مصیبتیں نازل ہوتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان نے چند سال میں قرض کی مد میں 24 ارب ڈالر سودادا کیا۔سودی قرض اتارنے کے لیے مزید قرض لینا پڑتا ہے۔ سود کی لعنت نے ملک اور ہماری نسلیں تباہ کر دیں۔ زکوٰۃ اور عشر کا بہترین نظام ہمارے پاس موجود ہے۔اس وقت ملک میں ٹیکس دینے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے اگر ہم زکوٰ ۃ کا نظام شروع کر دیں تو یہ تعداد کروڑوں تک پہنچ سکتی ہے۔