حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ضروری ہے کہ عید کی خوشیوں اور دعاؤں میں مظلوم فلسطینی اور کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھا جائے۔ فلسطین اور کشمیر عالم اسلام کا مشترکہ مسئلہ ہے، فلسطینی مسلمان قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں، جبکہ کشمیری مسلمان پاکستان کے دفاع واستحکام کی جنگ لڑرہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے سینئر ممبر و ڈیفنڈر لالہ عبد الحلیم شیخ، سماجی رہنماؤں ڈاکٹر فصیح طارق خان، طارق حسین قریشی، محمد شکیل شیخ اویس قریشی نے کیا، انہوں نے کہا کہ سرزمین فلسطین پر یہود نے اور مقبوضہ جموں و کشمیر پر ہنود نے غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے، یہ دونوں استعماری طاقتیں اور مسلمانوں کے بدترین دشمن ہیں، یہاں تک کہ رمضان المبارک کے مہینے میں بھی یہود فلسطینی مسلمانوں پر مظالم ڈھار رہے ہیں، قبلہ اول کی حرمت کو پامال کررہے ہیں جبکہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی فوجی کشمیری مسلمانوں کو بے رحمی و بیدردی سے شہید کر رہے ہیں۔ دونوں استعماری طاقتوں کا رمضان المبارک میں بھی مسلمانوں پر ظلم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں کتنے ہی کشمیری اور فلسطینی مسلمان شہید، زخمی اور بے گھر کردیے گئے ہیں، فلسطین غزہ اور کشمیر لہو لہو ہے، وہاں کے مسلمان عید کی خوشیوں اور مسرتوں سے محروم ہیں، عید کے موقع پر جبکہ پورا عالم اسلام عید کی خوشیاں منائے گا ہمارے فلسطینی اور کشمیری بھائی اس موقع پر بھی عید کی خوشیوں سے محروم رہیں گے۔