حیدرآباد/نوابشاہ/بھکر (اے پی پی+ صباح نیوز+ اسٹاف رپورٹر) سندھ اور پنجاب میں المناک ٹریفک حادثات میں 14افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق حیدر آباد قومی شاہراہ پر تیز رفتارکار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ کرکھائی میں جاگری، جس کے باعث کار میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک خاندان کے 7افراد جل کر جاں ہو گئے۔ بدقسمت خاندان کراچی و حیدرآباد سے عید کی خریداری کرکے اپنے آبائی دیہات صفر سولنگی نزد کاھی ماچھی مورو جا رہا تھا کہ سکرنڈ کے نزدیک ان کی کار نمبرٹی 990سوزوکی آلٹو برساتی چندن نہر کے پل سے ٹکرا کر نیچے کھائی میں جاگری اور کار میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 50سالہ محمد افضل سولنگی اس کی45سالہ زوجہ خاتون عیسیٰ سولنگی 2 بہنیں 30سالہ ثمینہ سولنگی ، 14سالہ مہک سولنگی ،17سالہ انعم سولنگی 11سالہ فلک سولنگی اور 8 سالہ انیتا سولنگی جل کر جاں بحق ہوگئے ، جل جانے کی وجہ سے لاشوں کی شناخت میں مشکل پیش آرہی ہے۔ایدھی ذرائع کے مطابق لاشوں کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے سکرنڈ اسپتال سے ان کے آبائی گائوں پہنچا دیا گیا ہے جہاں پورا علاقہ سوگ میں ڈوبا ہو ا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔علاوہ ازیں حیدر آباد میں سیری کے قریب بدین روڈ پرمسافر وین اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں ایک عورت سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ 7زخمی ہو گئے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں سلیم شیدی ،عمران شیدی اور خاتون سرھی شیدی شامل ۔ ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق افراد کی نعشوں اور زخمیوں کو انڈس اسپتال ٹنڈو محمد خان منتقل کیا جبکہ شدید زخمیوں کو سول اسپتال حیدرآباد منتقل کردیا گیا ہے ۔ جاں بحق افراد کا تعلق ٹنڈو باگو ضلع بدین سے ہے جو عید کی خریداری کرکے حیدرآباد سے ٹنڈو باگو جارہے تھے۔مزید برآں گزشتہ روز اسلام اباد کے قریب سی پیک پرٹائر پھٹنے سے کار کھائی میں جاگری جس کے باعث کار سوار تحصیل دریا خان کے نواحی علاقہ پنجگرائیں کے رہائشی بھائی ظفر عباس۔ سجاد حسین اور انکے کمسن بیٹے انشال حیدر۔ حسن سجاد جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق چاروں افراد کی میتیں پنجگراییں لائی گئیں۔امام بارگاہ جھوک قلندر بخش میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپر خاک کردیا گیا۔ ایک ہی گھر سے چار جنازے اٹھنے پر پورا گائوں سوگوار ہو گیا۔حادثہ میں زخمی 2 خواتین کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔