ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

شہباز شریف کا امیر قطر،ترک صدر سے رابطہ ،تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک )وزیراعظم کا قطر کے امیر، بحرین کے شاہ اور ترک صدر سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا،تعاون جاری رکھنے پر اتفاق،شہباز شریف نے عیدالفطر کی مبارکباد دی۔وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا قطر کے امیر سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کوعیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی جبکہ شہباز شریف نے قطر کے برادر عوام کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔سیاسی اور اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کا عزم کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کیساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔قطر کے امیر نے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا،دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان موجود مضبوط سیاسی اور اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کا عزم کیا۔دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا جبکہ وزیراعظم نے قطر کے امیر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کو فون کر کے عید الفطر کی مبارکباد دی اوربحرین کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کیساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، پاکستان کیساتھ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔شہباز شریف نے ترک صدر طیب اردوان کو ٹیلیفون کرکے عید الفطر کی مبارکباد دی،ترک حکومت،قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ترک صدر نے شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پرمبارکباد دی، دونوں ممالک کی قیادت نے دوطرفہ مثالی تعلقات پر اطمینان اظہار کرتے ہوئے تمام شعبوں میں باہمی تعاون کے مزید فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ترک سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار دوست ماحول سے استفادہ کریں، رواں سال 75 سالہ سفارتی تعلقات کی سالگرہ منائی جائے گی، پاک ترک قیادت مسئلہ کشمیر پر اصولی موقف کی حمایت کے لیے ترک صدر کے مشکور ہیں۔شہباز شریف نے طیب اردوان کو افغانستان میں انسانی بحران کے مسئلہ سے آگاہ کیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی روابط کے تسلسل پر اتفاق کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے ترک صدر کو دورہ پاکستان بھی دعوت دی۔علاوہ ازیںپاکستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے یو اے ای کی معاشی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے معاشی ماہرین کا وفد پاکستان کا ہنگامی دورہ کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے یو اے ای کا وفد 3 مئی کو لاہور میں ملاقات کرے گا۔ وفد اور وزیراعظم کی معاشی ٹیم کے درمیان ملاقات ہوگی جس میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان معاشی سرگرمیاں تیز کرنے سے متعلق تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی ، تجارتی اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق بات چیت ہوگی۔ وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق ماحول اور پالیسی سے آگاہ کیا جائے گا۔ توانائی، معاشیات،پیٹر ولیم انڈسٹری کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوگی۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ابوظبی کے ولی عہد اور یو اے ای کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید ال نہیان سے ابوظبی میں ملاقات کی جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم سعودی عرب کے اپنے دورے کے اختتام پر شام میں ابوظبی پہنچے تھے، کابینہ کے کلیدی ارکان اور اعلیٰ حکام بھی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ولی عہد نے شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور ان ذمے داریوں میں عظیم کامیابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوش حالی کے لیے خیرسگالی اور نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ۔دونوں رہنمائوں نے متعدد دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی مشاورت کی۔وزیراعظم نے یو اے ای کے بانی اور پہلے صدر شیخ زاید بن سلطان آل نھیان کی بصیرت افروز قیادت اور پاکستان اور یو۔اے۔ای کی دوستی کی مضبوط بنیاد قائم کرنے کی کاوشوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مرحوم شیخ زاید بن سلطان آل نھیان کی بصیرت کی روشن میں دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تعلقات کو مزید پختہ اور مضبوط بنانے کے اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔یواے ای کی تاریخ ساز ترقی اور تیز ترین اولین 50 سال کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے یو اے ای کی قیادت اور عوام کو مبارک باد پیش کی اور آنے والی دہائیوں میں مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے دبئی عالمی نمائش 2020ء کے کامیاب انعقاد پر یو اے ای کی قیادت اور نمائش منعقد کرنے والی ٹیم کو مبارک باد دی جو بھرپور اور شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے دوطرفہ سطح اور عالمی فورمز پر پاکستان کی دیرینہ اور بھرپور حمایت پر یواے ای کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے خاص طور پر یو اے ای پاکستان اعانت پروگرام کے تحت پاکستان میں انسانی خدمت وفلاح کے منصوبہ جات شروع کرنے اور عالمی وباء کے دوران یو اے ای کی طرف سے فراہم کردہ کلیدی امداد کی تحسین کی۔انہوں نے 1.7 ملین پاکستانیوں کی عزت ووقار کے ساتھ میزبانی کرنے پر یواے ای کا شکریہ ادا کیا جو پاکستان اور یو اے ای کے درمیان نہ صرف پْل کا کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کا فخر بھی ہیں۔ شیخ محمد زاید آل نھیان کے پوری دنیا سے پولیو ختم کرنے کے نیک اقدام کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کی بھرپور حمایت میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے سرمایہ کاری، معاشی ترقی، توانائی، ڈھانچے اور زراعت کے شعبوں میں شراکت داریاں تشکیل دینے اور تعاون تیز کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ولی عہد نے دنوں ممالک کی آنے والی نسلوں کے مفاد میں قریبی دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے موثر کاوشیں کرنے سے متعلق وزیراعظم کو یقین دلایا۔انہوں نے یو اے ای میں رہائش پذیر پاکستانیوں کی جانب سے یو اے ای کی تعمیر وترقی میں تعمیری کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی اْس وقت یہاں تھے جب دوسرے باشندوں کی یہاں محدود موجودگی اور کاوشیں تھیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یواے ای ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ایک دوسرے کی مدد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے عوامی فلاح کے لیے دونوں برادر اقوام کے درمیان رابطوں کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنمائوں نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ باہمی مفاد کے تمام امور اور اقوام متحدہ، اوآئی سی سمیت کثیرالقومی فورمز پر اشتراک عمل سے موقف اختیار کرنے کے لیے مستقل رابطہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور قریبی تعاون پر مبنی تاریخی دیرینہ برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ رواں ماہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کا متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں