ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

صدر مملکت نے مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کی منظوری دے دی

اسلام آباد (آن لائن )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کی تشکیل نو کی منظوری دے دی، جس کی سربراہی وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 153 (2)کے تحت سی سی آئی کی تشکیل نو کی منظوری دی۔قانون کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل وزیر اعظم کی سربراہی میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم کی طرف سے نامزد 3 وفاقی وزرا پر مشتمل ہوتی ہے۔ وزیراعظم سی سی آئی کے سرابراہ ہوں گے، اس کے علاوہ دیگر اراکین میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم کے نامزد تین وفاقی وزرا، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر تجارت نوید قمر اور وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق شامل ہیں۔آئین کے مطابق سی سی آئی کی ذمہ داری ہے کہ وفاقی انتظامیہ کی فہرست میں شامل معاملات سے متعلق پالیسیوں کی تشکیل اور ریگولیٹ کرے اور متعلقہ اداروں کی نگرانی اور کنٹرول رکھنا ہے۔اس حوالے سے آئین میں واضح کیا گیا ہے کہ کونسل کی تشکیل وزیراعظم کے حلف لینے کے 30 روز کے اندر ہوگی۔مزید بتایا گیا ہے کہ سی سی آئی کا اجلاس 90 روز میں کم از کم ایک مرتبہ ہونا چاہیے تاہم ایمرجنسی کی صورت میں صوبوں کی درخواست پر وزیراعظم اجلاس ہنگامی بنیاد پر طلب کر سکتے ہیں۔ 1973 کے آئین کے تحت قائم کی جانے والی مشترکہ مفادات کونسل کی اہمیت میں 18ویں ترمیم کے بعد کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے اور کونسل میں فیصلے اکثریتی بنیاد پر کیے جاتے ہیں۔خیال رہے 2018 میں سابق وزیراعظم عمران خان نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے علاوہ وفاقی وزیر اسد عمر، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور مشیر برائے صنعت و پیداوارعبدالرزاق داؤد کو مشترکہ مفادات کونسل میں شامل کیا تھا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں