کولمبو: سری لنکا میں جاری معاشی بحران ہر گزرتے دن کے ساتھ سنگین ہوتا جا رہا ہے اور اب باقاعدہ طور پر پیٹرول شپمنٹس کی ادائیگی کے لیے ڈالرز نہ ہونے کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے وزیر برائے بجلی اور توانائی نے پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کولمبو کی بندرگاہ پر پیٹرول شپمنٹ 28 مارچ سے موجود ہے لیکن سری لنکا کے پاس پیٹرول شپمنٹس کی ادائیگی کے لیے ڈالرز نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرول حاصل کرنے کے لیے ادائیگی سے قاصرہے جبکہ کریڈٹ لیٹرز کھولنے کے لیے بھی ڈالرز کی قلت ہے، ہم فنڈز تلاش کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم رواں ہفتے کے آخر تک پیٹرول دستیاب نہیں ہو گا لہذا شہری دو دن تک ایندھن کے لیے قطار نہ لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کا بہت کم ذخیرہ ہے جو صرف ایمبولینس اور ایمرجنسی جیسی ضروری خدمات کے لیے جاری کیا جا رہا ہے۔