اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر ایک نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اثاثہ جات ریفرنس میں دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ بدھ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحق ڈار کے آمدن سے زاید اثاثوں کے کیس کی سماعت کی، عدالت نے اسحاق ڈار کے دوبارہ دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جبکہ عدالت نے 3 شریک ملزمان کے خلاف ٹرائل بھی اسحق ڈارکی گرفتاری تک روک دیا ہے۔عدالت نے کہا کہ جب تک اسحق ڈار کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش نہیں کیا جاتا اس ریفرنس کی کارروائی کو آگے نہیں بڑھایا جائے گاجبکہ عدالت نے شریک ملزمان کی ریفرنس سے بریت کا فیصلہ بھی اسحق ڈار کی گرفتاری سے مشروط کردیا ہے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ہے۔