حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع حیدرآبادکے تحت ارکان اور مدرسات کے لئے مرکزی تبلیغ اسلامی شاہ مکی روڈ میں عید ملن کا اہتمام کیا گیا جس میں ضلع بھر سے ارکان اور مدرسات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔سیاسی کمیٹی کی صوبائی نگراں مہناز خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان کا آغاز کلمہ طیبہ سے کرنے کے پاکستان کا حصول اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام قائم کرنا تھا مگر قائد اعظم محمد علی جناح کی وفات سے اب تک امریکا کی چاکری کرنے والے ہی اس ملک پر مسلط رہے ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مخلص قیادت کے ساتھ ساتھ بہترین منشور بھی رکھتی ہے اب ہمارا کام یہ ہے کہ لوگوں سے فرداً فرداً ملاقات کرکے اس منشور سے آگاہی دیں ۔ انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کے وجود سے ہماری آنکھیں ٹھنڈی ہونگی۔دورہ قرآن کرنے والی نئی مدرسات نے اپنا تعارف اوراپنے تاثرات کیفیات اور جذبات کابہت خوبصورت انداز میں اظہار کیا۔ناظمہ ضلع حلقہ خواتین حیدرآباد رخسانہ کوثر نے کہا کہ آپ سب کے لیے یہ بڑی سعادت کی بات ہے کہ آپ لوگوں نے دور قرآن کیا تراویح پڑھی قرآن کو لوگوں کے دلوں تک پہنچایا ،اب جب کہ ہم جان گئے ہیں کہ غلبہ دین کی جدوجہد ہماری زندگی کا مقصد ہے تو یہ ہماری اولین ذمے داری بنتی ہے کہ ہم اپنے گھروں کو اپنے اپنے علاقوں کی مسجدوں کو اللہ کے ذکر اور کلمہ حق کی صداؤں سے آباد رکھیں اور آنے والے 11 مہینوں میں اس کام کو اور تیزی کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ ہو سکے۔ اس موقع پرضلع کی پوری ٹیم اور تمام شعبہ جات کی ذمے داران اور نائیبن موجود تھیں۔ آخر میں قرارداد کے بعد ٹنڈوجام کی نسیمہ خالد کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔