اسلام آباد(مانیـٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے پاس 177 اراکین کے ساتھ اکثریت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے فیصلے سے پنجاب میں اتحادی جماعتوں کی حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے 25 اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کے فیصلے کے بعد اسلام آباد میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آیا تو نالائق ٹولے نے عمران خان کی قیادت میں جھوٹ بولا ہے، یہ الیکشن کمیشن کے باہر ایک ہفتے پہلے کمیشن کو گالی دے رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان، الیکشن کمیشن پر حملہ کرنے اور الیکشن کمشنر سے استعفا مانگ رہے تھے وہ آج الیکشن کمیشن کو سلام پیش کرتے ہیں اور یہی ان کی حقیقت ہے۔ انہوںنے کہا کہ جو لوگ 4 سال اقتدار پر مسلط رہے، عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجائی، سیاسی مخالفین اور میڈیا کی آواز بند کی،نالائقی اور چوری کا بازار گرم رکھا وہ آج اپنی نااہلی کاملبہ دوسروں پرڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے جن 25 اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا فیصلہ آیا ہے یہ وہ تھے جنہوں نے پنجاب میں صوبہ بنانے، ایک کروڑ نوکریاں، 50 لاکھ گھر دینے اور ملک کے اندر کرپشن ختم کرنے کے وعدے پورے نہ ہونے اور عمران خان کی ناقص پالیسیوں پر عدم اعتماد کرتے ہوئے قیادت سے انحراف کیا تھا۔