اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ختم ہوگئی، اب وفاقی حکومت بھی ختم ہونی چاہیے۔ فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کے فیصلے پر ردعمل میں کہا کہ حمزہ شہباز نے جتنے غیر قانونی احکامات جاری کیے اور جتنے اخراجات کیے وہ بھی واپس ہونے چاہئیں‘ آج چھانگا مانگا کی منڈیوں کا خاتمہ ہوگیا‘ اب تو آپ کے اپنے گھر سے بھی آوازیں آنا شروع ہوگئی ہیں کہ الیکشن کر ائے جائیں جن سیاستدانوں نے ان لوٹوں کو خریدنے پر کروڑوں روپے لگائے وہ اب صرف واش روم کے لیے رہ گئے‘ اس فیصلے کے بعد پنجاب اسمبلی کے رہنے کی گنجائش ہی نہیں رہتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب سے بڑے صوبے میں کسی کو پتہ نہیں چل رہا وزیراعلیٰ کون ہے‘ گورنر کون ہے‘ یہ22 کروڑ کا ملک ہے، اس ملک کے ساتھ جو مذاق چل رہا ہے اس کو ختم کرنا چاہیے، مشوروں کا ٹائم ختم ہوچکا، نئے الیکشن کی طرف ملک کو لے کر جائیں، 2 بڑے فیصلوں میں ہماری کامیابی ہوئی، ان شاء اللہ تعالی پاکستان بہتری کی طرف جائے گا۔