ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

منی لانڈرنگ ریفرنس، وزیر اعظم کی پیشی، عدالت میں سیکورٹی کے باعث بد نظمی، جج شدید برہم

لاہور: وزیر اعظم سماعت کیلیے اسپیشل کورٹ آرہے ہیں،چھوٹی تصویر میںشہباز شریف سے سابق صدر مملکت آصف زرداری ملاقات کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت ) وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف 16 ارب روپے کے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت میں پولیس کی جانب سے شدید بدنظمی ہوئی جس کے دوران شہباز شریف، ججز اور وکلا کو بھی عدالت کے باہر روکنا پڑا۔ ہفتے کو لاہور کی خصوصی سینٹرل عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہبازعدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر پولیس نے سخت سیکورٹی انتظامات کیے اور بھاری نفری تعینات کی، جبکہ عدالت میں صحافیوں اور عام سائلین کا داخلہ بھی بند کردیا گیا۔ پولیس کی بدانتظامی کی وجہ سے ناخوشگوار صورتحال پیش آئی‘ججز اور وکلا کو بھی اندر آنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فاضل جج اعجاز اعوان نے شہباز شریف سے کہا کہ جو حالات اس عدالت کے باہر ہوگئے ہیں‘ ایسا تو کبھی نہیں دیکھا‘ میں گاڑی میں بیٹھا تھا اور میری گاڑی روک لی‘ آپ کی سیکورٹی والا میرے گارڈ کے گلے پڑا تھا اور اس کا گریبان پکڑا ہوا تھا‘ آپ کی سیکورٹی نے عدالت کو ہی بند کردیا۔ صحافیوں کا داخلہ بند کرنے پر لیگی رہنما عطا تارڑ نے بھی عدالت کے باہر ہی دھرنا دے کر کہا کہ وزیراعظم بھی اسی وقت اندر جائیں گے جب صحافی جائیں گے۔ دھرنے کی وجہ سے وزیراعظم بھی عدالت کے باہر ہی کھڑے رہے اور سیکورٹی خدشات کی وجہ سے انہیں آگے جانے سے روکا گیا۔ بعدازاں ان کے حکم پر سیکورٹی اہلکاروںنے صحافیوں کو اندر جانے کی اجازت دیدی۔ شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ ہماری طرف سے ایسی کوئی ہدایت نہیں دی گئی تھی‘ مجھے بھی اندر نہیں آنے دیا جا رہا تھا‘ میں خود باہر کھڑا تھا‘ اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ عدالت نے ان سے کہا کہ آپ وزیراعظم ہیں اور انتظامیہ کے سربراہ ہیں، یہاں بھی حکم دے سکتے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں ابھی وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کو تحقیقات کے لیے کہتا ہوں۔ایس پی سیکورٹی نے عدالت میں پیش ہوکر بدنظمی پر معذرت کی۔ عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 28 مئی تک توسیع کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا ہے جبکہ عدالت نے سلمان شہباز شریف، طاہر نقوی اور ملک مقصود کی عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں