سری نگر‘مظفرآباد (اے پی پی‘صباح نیوز)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ممتاز آزادی پسند رہنماں میر واعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور حول قتل عام کے شہداکی برسیوں کے موقع پر مکمل ہڑتال کی گئی ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی ہڑتال کی کال کا مقصد کشمیری حریت رہنماں اور کارکنوں کی مقبوضہ جموں وکشمیراور بھارت کی جہنم نما جیلوں میں غیر قانونی نظربندی کے خلاف احتجاج درج کرانا بھی تھا۔ قابض بھارتی انتظامیہ نے لوگوں کو بھارت مخالف ریلیاں نکالنے اور شہداکی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے مزار شہداعید گار سری نگر جانے سے روکنے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں سخت پابندیاں عاید کر دیں، بڑی تعداد میں بھارتی فوج اور پولیس اہلکار تعینات کردیے۔علاوہ ازیںمتحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے شہیدخواجہ عبدالغنی لون اورشہید میر واعظ مولوی محمد فاروق کو خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا تحریک آزادی کشمیر کاقیمتی اثاثہ تھے، کشمیری عوام اپنے شہدا کے مقدس خون اور قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے،وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری قوم آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوگی۔ بھارتی آرمی چیف جنرل منوج پانڈے مقبوضہ کشمیر کے2 روزہ دورے پر سری نگر پہنچے اور بادامی باغ فوجی چھائونی میں فوج کے سینئر افسران کے ساتھ ملاقات کی ۔ اپنے دورے کے دوران بھارتی فوجی سربراہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیں گے ۔