لاہور(نمائندہ جسارت) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کوملک میں انتشار پھیلانے نہیں دیں گے، وہ خانہ جنگی چاہتا ہے تو یہ اس کی بھول ہوگی۔پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ لاہور کے دورہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ عمران خان نے کسی ایک کو گھر یا نوکری نہیں دی اور ان کے پاس ایک لمحہ نہیں تھا کہ عوام کی فکر کریں لیکن عوام سے جھوٹے وعدے کیے۔شہباز شریف نے عمران خان کومخاطب کرکے کہا کہ آپ کو معافی نہیں ملے گی عوام کا ہاتھ اپ کے گریبان پر ہوگا، نیب الٹا ہوگیا ایک دھیلے کی کرپشن نہیں نکال سکا، عمران خان کے پاس گالم گلوچ کے سوا کسی کام کے یے فرصت نہیں تھی۔وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان نے ساری توجہ اپنے سیاسی مخالفین کو جیل میں ڈالنے پر دی، پچھلی حکومت کی پتھر دلی کی وجہ سے 3سال ضائع ہوگئے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے نو منتخب پی کے ایل آئی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر سعید اختر کو مبارکباد دی اور ہدایت کی کہ پی کے ایل آئی کے مالی معاملات کو مستحکم کرنے کے لیے اچھی شہرت کے حامل مالی مشاورتی ادارے کی خدمات حاصل کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ مریضوں کے اسکریننگ سینٹرز کو پورے پنجاب میں فعال کیا جائے تاکہ عوام کو طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔