ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام ‘چشمہ شفاء’ کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔
آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس مسئلے اور اس کے گھریلو علاج کے بارے میں بات کریں گے وہ ہے ‘منہ کے زخم اور السر’۔
دہن کی جلد میں خرابی کی وجہ سے منہ میں زخم بن جاتے ہیں۔ اس خرابی کی اسباب کچھ اس طرح ہیں۔
1۔ منہ اور دانتوں کی ناکافی صفائی کی وجہ سے منہ میں چھالے اور زخم بن جاتے ہیں۔ کھانے پینے کے بعد منہ کی صفائی دانتوں کو برش کرنا اور اس کے علاوہ دن بھر میں قُلیاں کرنا اور غرارے کرنا دہن کی صفائی اور صحت کے لئے نہایت ضروری ہے۔ لاپرواہی کی صورت میں منہ میں زخم بن سکتے ہیں۔
2۔ شدید گرم یا شدید ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بھی منہ میں زخموں کا سبب بن سکتا ہے۔
3۔انفکشن کی وجہ سے بیمار ہونے کے بعد جسم کی قوت مدافعت میں کمی کے نتیجے میں منہ میں چھالوں اور زخموں کا سامنا ہو سکتا ہے۔
4۔ طویل عرصے تک یا پھر متواتر اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال بھی منہ میں زخموں کا سبب بن سکتا ہے۔
5۔ضرورت سے زیادہ روغنی، میٹھے اور ایسڈ والےپکوانوں کا بکثرت استعمال بھی زخموں کا سبب بن سکتا ہے۔
6۔ذہنی دباو، اوہام، اندیشے اور خدشات جیسی صورتحال بھی منہ میں چھالے بننے کا سبب ہو سکتی ہے۔
منہ کے چھالوں اور السر کا قدرتی علاج:
- کاربونیٹ
ہاتھوں کو صابن سے دھوئیں اور انگلیوں کی پوروں کی مدد سے کاربونیٹ کو منہ کی جلد پر بنے چھالوں پر مل کر زخموں کو صاف کریں۔
- سیب کا سرکہ
ایک چائے کا چمچ سیب کا سرکہ ایک گلاس پانی میں ملائیں اور اس آمیزے سے 30 منٹ تک منہ کو اچھی طرح کھنگالیں۔ یہ عمل دن میں 3 دفعہ دہرائیں۔
- ملیٹھی
ملیٹھی منہ میں بننے والے زخموں سے پیپ کو صاف کرنے والی ایک نہایت مفید بوٹی ہے۔ ملیٹھی کی چائے بنا کر اس سے غرارے کئے جا سکتے ہیں۔
- کیوی
کیوی اینٹی آکسیڈنٹ پھل ہے۔ منہ کے زخموں سے فوری نجات کے لئے اس پھل کا استعمال مفید ہے۔
- اجوائن
منہ سے جراثیم کی صفائی کے لئے ایک میٹھے کا چمچ اجوائن لیں اور نگِلے بغیر اچھی طرح چبائیں۔
- شہتوت
سیاہ شہتوت کو کھانا، اس کا رس پینا یا اس کے رس کو زخموں پر لگانا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
- لونگ
لونگ کو چبانا جراثیموں کو ختم کر کے زخموں کو مندمل کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
- زِنک سپلیمنٹ
فولاد، فولک ایسڈ، بی 12 یا پھر زنک کی کمی بھی منہ میں چھالے بنا سکتی ہے لہٰذا زنک سپلیمنٹ کا استعمال قوت مدافعت میں اضافہ کر کے منہ میں چھالے بننے کا سدّباب کر سکتا ہے۔
- کھوپرے کا تیل
کھوپرے کا تیل منہ کو نقصان دہ بیکٹیریا سے پاک کرنے کے لئے نہایت موئثر تیل ہے۔ ایک کھانے کا چمچ کھوپرے کا تیل گرم پانی میں ملا کر اس سے غرارے کرنا نہ صرف منہ سے جراثیم کی صفائی کرتا ہے بلکہ دانتوں کو پلاک جمنے یا کیڑا لگنے سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔
- لیموں
لیموں کا رس مِلا پانی بھی منہ کے چھالوں، پیپ اور السر سے نجات دِلاتا ہے۔
- پارسلے
پارسلے کے پتّے چبانا مفید ثابت ہوتا ہے۔
- نمک والا پانی
نمک مِلے پانی سے غرارے منہ سے نقصان دہ بیکٹیریا کو ہلاک کر کے زخموں کو مندمل کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
- لونگ کا تیل
منہ کے چھالوں میں درد بھی ہو رہا ہو تو لونگ کا تیل اس کا آزمودہ نسخہ ہے۔ لونگ کے تیل سے بنی ‘جَیل ‘ کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
- سومک مصالحہ
اس کے استعمال کے لئے اجزاء نوٹ فرما لیں۔
ایک کھانے کا چمچ سومک
ایک میٹھے کا چمچ سیب کا سرکہ
ایک گلاس پانی۔
ترکیب
پانی کو ابالیں اور اُبال آنے پر اس میں ایک کھانے کا چمچ سومک مِلا کر 2 سے 3 منٹ مزید اُبالیں۔ اس کے بعد چولھے سے اُتاریں اور ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔ نیم گرم ہونے پر سیب کا سرکہ ملائیں۔ یہ محلول جب اچھی طرح ٹھنڈا ہو جائے تو چھان کر اس سے غرارے کریں۔