راولپنڈی: جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کی ناظمہ نزہت ناطق نے کہا ہے کہ یاسین ملک کو عمرقید کی سزاسنانے کا فیصلہ بھارت کو مہنگا پڑے گا ۔
ان خیالات کا اظہار نزہت ناطق نے یاسین ملک کو عمر قید سنائے جانے پر کیا کہ بھارت کو لگتا ہے وہ یاسین ملک کو قید کر لے گا تو تحریک آزادی رک جائے گی لیکن بھارت یہ نہیں جانتا کشمیر کا ہر شہری اس تحریک کا حصہ ہے، یاسین ملک کو عمرقید کی سزاسنانے کا فیصلہ بھارت کو مہنگا پڑے گا ،ا یہ تحریک اب ایک نیا زور پکڑے گی، آزادی کا جو بیج آزادی کے متوالوں نے بویا تھا وہ اب تناور درخت بن چکا ہے اور بھارت نے اسی بات سے ڈر کر حریت لیڈرز کو قید اور قتل کرنا شروع کر دیا ہے جس کی پرزور مذمت کی جاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایسے شرمناک ہتھکنڈے کبھی بھی قابلِ قبول نہیں ہیں، لیکن افسوس کے ساتھ مسلمان جہاں کہیں پر ہیں چاہے وہ کشمیر ، فلسطین یا شام میں ہیں دنیا ان پر ہونے والے ظلم پر خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان اور بالخصوص عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لے اور بھارت کو اس کے گھنائونے اقدامات سے روکے۔
جب تک ہم سب ظلم کے خلاف ایک نہیں ہوں گے یہ دنیا امن کی جگہ نہیں بن سکتی۔