لاہور: محکمہ واسا کی رواں مالی سال کے دوران آمدنی کم اور اخراجات زیادہ رہے اس امر کا انکشاف محکمہ واسا کی جانب سے پنجاب حکومت کو بھیجے گئے ناکامیوں پر مبنی اعترافی مراسلے میں سامنے آیا۔ جس میں محکمہ واسا میں پنجاب حکومت سے حکومتی گرانٹ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مراسلے میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ واسا کو اس وقت چار ارب 30 کروڑ روپے کے ریکارڈ خسارے کا سامنا ہے مراسلے کے مطابق محکمہ واسا لیسکو کا ساڑھے تین ارب روپے کا نادہندہ ہے جبکہ محکمے نے 75 کروڑ روپے کے واجبات واسا کنٹریکٹرز کو بھی ادا کرنے ہیں۔ اس صورتحال میں پنجاب حکومت نے واسا کو مالی خسارے سے نکالنے کے لئے بیل آئوٹ پیکیج کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جب سے ایم ڈی واسا اپنے
عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے ہیں 10 مئی سے کوئی ایم ڈی تعینات نہیں کیا گیا۔ واسا نے مالی خسارے سے نکلنے کے لئے پنجاب حکومت سے سبسڈی کی مد میں اضافے کا بھی مطالبہ کیا ہے جس کے مطابق سبسڈی 2 ارب 20 کروڑ روسے پے بڑھا کر ساڑھے 5 ارب روپے کرنے کی سفارش کی ہے جبکہ بیل آئوٹ پیکیج کی منظوری کے لئے سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کی جاچکی ہے۔