پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پی ٹی آئی کے سینئر مرکزی رہنما چودھری شہباز حسین نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت پنجاب میں جاری سیاسی کشیدگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سابق ایم این اے چودھری نذیر جٹ اور چیئرمین ہانگ کانگ چیمبر آف کامرس اوورسیز پاکستانی چودھری گلزار محمد بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مہنگائی اور لاقانونیت کی وجہ سے عام آدمی کا جینا مشکل ہو گیا ہے، عوام شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے، حکومت کی جانب سے پٹرول اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے جا اضافے سے تنخواہ دار طبقہ پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں سب کو احتجاج کا حق حاصل ہے، احتجاج کے حق کو سلب کرنا جمہوریت کی نفی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب اس وقت شدید سیاسی بحران کا شکار ہے جس سے نکلنے کیلئے ہر کسی کو اپنا اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔