واشنگٹن: امریکہ کی مسلم رکن کانگریس الہان عمر نے اعلان کیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کانگریس میں اٹھائیں گی،دیگر مسائل کی طرح اس مسئلہ پر بھی متحرک کردار کی ضرورت ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والی رکن کانگریس الہان عمر کے اعزاز میں نیویارک میں تقریب کااہتمام کیاگیا جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر پربھی بات کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 7 سے زائد دہائیاں پرانے اس مسئلے پر دنیا کے دیگر مسائل کی طرح ارکان کانگریس کے مزید متحرک کردار کی ضرورت ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ وہ کانگریس میں یہ مسئلہ اٹھائیں گی۔
واضح رہے کہ 39 سالہ صومالی نڑاد امریکی الہان عمر کو امریکی کانگریس میں پہلی مسلمان کانگریس ویمن منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہے اوربے باکی سے مسائل اٹھانے کے سبب انہیں حریفوں کی شدید تنقید کاسامنا ہے۔