مظفرآباد: دودھ میں سرف،شکراور خطرناک کیمیکلز کی ملاوٹ مجسٹریٹ بلدیہ نے سپریم کورٹ کے احکامات پر دو دکانیں سیل کردیں، کل گیارہ دکانوں میں سے صرف دو کا دودھ ،دہی معیاری اور حفظان صحت کے مطابق بغیر ملاوٹ کے پایا گیا۔مجسٹریٹ میونسپل کارپوریشن مظفرآباد سردار عمران خان نے عدالت عظمیٰ آزاد جموں وکشمیر کے احکامات پر مرحلہ وار ڈیری شاپس پر محکمہ لائیو سٹاک کے ڈاکٹر،
میڈیا اور سول سوسائٹی کے ہمراہ اچانک معائنے کیے اور دودھ کی سیمپلنگ مکمل کی تھی جو لیباٹری تجزیہ کے لئے فرانزک لیب ”پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ لیبارٹریز کمپلیکس لاہور” بھیجی گئی تھیں۔جس کی رپورٹ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن و ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ کو فراہم کی گئی ،جس کے مطابق الحرمین ملک شاپ خواجہ بازار اور حماد ملک شاپ اپر طارق آباد بائی پاس روڈ کا دودھ غیر معیاری اور کیمیکلز،،شکر و ڈیٹرجنٹ ملاوٹی پایا گیا-
جس پر مجسٹریٹ بلدیہ عظمیٰ سردار عمران خان نے جمعہ کے روز دودھ کے نام پر سفید زہر بیچنے والی دونوں دوکانیں مکمل سیل کرکے ان کے لائسنس ضبط کرتے ہوئے دکانوں پر موجود دودھ قبضہ میں لے کر میڈیا اور سول سوسائٹی کی موجودگی میں تلف کروادیا۔
جبکہ ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی بھی تحریک کی جائے گی، عوامی سماجی دینی حلقوں کا زبردست خیر مقدم۔کارروائی میں محکمہ لائیو سٹاک کے ڈاکٹر زاہد رفیق، انسپکٹر ندیم میر، ملک اعجاز محبوب، جنید سردار،کاشف عباسی اور پولیس کی جمعیت ہمراہ تھی۔