راولپنڈی:سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے تو بات چیت ہوسکتی ہے، الیکشن کی تاریخ دیے بغیر عمران خان کسی سے بات نہیں کرے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حکومت ووٹر لسٹوں اور حلقہ بندیوں میں مرضی کی تبدیلیاں کررہی ہے، انتخابات اسی سال ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، عمران خان بجٹ کے بعد حکومت کیخلاف اگلی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، باپ اور بیٹا وفاق اور ایک صوبے پر قابض ہوچکے ہیں، پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے ساری محنت ہماری تھی۔
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت قبل از گرفتاری ایک لاکھ روپے مچلکے کے عوض منظور کرلی۔لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں شیخ رشید کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں سابق وزیر داخلہ پیش ہوئے، شیخ رشید کی درخواست پر سماعت جسٹس محمد طارق ندیم نے کی۔
واضح رہے کہ شیخ رشید کے خلاف مختلف شہروں میں توہین مذہب کے 17 مقدمات درج ہیں۔