ویب ڈیسک —
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث کو ون ڈے کیپ دی گئی ہے۔
دونوں ٹیموں کے کپتان پرعزم ہیں کہ ان کے کھلاڑ ی میچ جیتنے کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
ملتان کے شہری خوش ہیں کہ 14 برس بعد ان کے شہر میں بین الاقوامی کرکٹ ہو رہی ہے لیکن کھلاڑیوں کے لیے پریشان کن بات یہ ہے کہ شہر کا موسم شدید گرم ہے۔
کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ ملتان کی گرمی کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کو بھی شکست دیں گے۔
پاکستانی اسکواڈ میں شامل بیشتر کھلاڑی ملتان میں کھیلنے کا تجربہ کم ہی رکھتے ہیں اور انہیں مقامی کنڈیشنز کے ساتھ ساتھ موسم سے بھی لڑنا ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی میچ سے قبل ملتان سے متعلق بعض کھلاڑیوں کی آرا ٹوئٹر پر شیئر کی ہیں جن میں کرکٹرز کا کہنا ہے کہ ملتان کا نام سنتے ہیں ان کے ذہنوں میں سوہن حلوہ، آم اور ملتان کی گرمی آتی ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، افتخار احمد، محمد حارث، محمد رضوان، خوش دل شاہ، محمد نواز، حارث رؤف، شاہین شاہ آفرید، حسن علی، شاہ نواز دہانی، زاہد محمود اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔
نکولس پوران کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کا پندرہ رکنی اسکواڈ نائب کپتان شائے ہوپ، شمارا بروکس، کیچی کارٹی، اکیل حسین، الزاری جوزیف، برینڈن کنگ، شرمن لیوس، کیل میئرز، اینڈرسن فلپ، رومان پاویل، جادین سیلز، روماریو شیفرڈ اور ہیڈن والش جونیئر شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کی تیاری مکمل
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے اسکواڈ میں شامل کرکٹرز نے منگل کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی تھی جب کہ دونوں کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی بھی کی تھی۔
اس موقع پر مہمان ٹیم کے کپتان ںکولس پوران کا کہنا تھا کہ ملتان میں گرمی ضرور ہے لیکن ان کے کھلاڑیوں کی تمام تر توجہ سیریز میں بہتری کارکردگی پیش کرنے پر ہے۔ جب کہ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف گزشتہ سیریز میں مثبت کرکٹ کھیلی تھی جس کے تسلسل کو جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم گزشتہ برس دسمبر میں ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلنے پاکستان آئی تھی۔تاہم بعض کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد مہمان ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد دورہ اُدھورا چھوڑ کر واپس روانہ ہو گئی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس وقت اعلان کیا تھا کہ سیریز کے ون ڈے میچز جون میں کھیلے جائیں گے۔
دونوں ٹیموں کے لیے یہ سیریز اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ یہ آئندہ برس بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے ‘آئی سی سی سپر لیگ’ کا حصہ ہے۔
آئی سی سی سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان ٹیم اس وقت دسویں نمبر پر ہے جب کہ ویسٹ انڈیز چوتھے نمبر پر ہے۔
اس سپر لیگ کے تحت میزبان ملک بھارت کے علاوہ سات دیگر ٹیمیں براہ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی جب کہ باقی ٹیموں کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔