ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بابر اعظم نے وراٹ کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم مسلسل کامیابی کی سیڑھیاں چڑھ رہے ہیں اور اس بار انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں بطور کپتان تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کر کے نیا ریکارڈ بنا لیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف بدھ کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں بابر اعظم نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں نو چوکے بھی شامل تھے۔

بابر اعظم نے نہ صرف اپنی سینچری مکمل کی بلکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی کا بطور کپتان کم ترین اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

بابر اعظم نے ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے بعد 13 اننگز میں بطور کپتان ایک ہزار رنز مکمل کیے ہیں۔ ان سے قبل یہ ریکارڈ وراٹ کوہلی کے پاس تھا جنہوں نے بطور کپتان 17 اننگز کھیل کر ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے قبل وراٹ کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کے لیے بابر اعظم کو 98 رنز درکار تھے اور انہوں نے اپنی زبردست بیٹنگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف کوہلی کا ریکارڈ توڑا بلکہ مہمان ٹیم کے خلاف پاکستان ٹیم کی کامیابی کی راہ بھی ہموار کی۔

یاد رہے کہ بابر اعظم نے بطور کپتان اپنے 13 میچز میں سے سات میچز پاکستان کی سرزمین پر کھیلے ہیں۔

بطور کپتان تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 18 اننگز کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا جب کہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن 20 اننگز کے ساتھ چوتھے اور انگلینڈ کے سابق کپتان السٹر کک 21 اننگز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی اپنے آفیشل انسٹاگرام پیج پر بابر اعظم کے اعزاز کو شیئر کیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

پاکستان ٹیم کے کپتان اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ میں نمایاں مقام پر موجود ہیں۔ اس وقت وہ عالمی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر ہیں جب کہ ٹیسٹ رینکنگ میں وہ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ایک روزہ میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں