اقوام متحدہ نے بھارت میں بی جے پی رہنماوں کے گستاخانہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مذاہب کے لیے احترام اور رواداری رکھنا بہت ضروری ہے۔ کسی کی دل آزاری اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا درست نہیں ہے ۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس نے پریس بریفنگ میں بھارت کی حکمراں جماعت بی جے پی کے رہنماﺅں کی جانب سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخانہ بیانات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ اقوام متحدہ مذہبی رواداری اور احترام کو اہمیت دیتا ہے۔
جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک کا کہنا تھا کہ میں نے گستاخانہ بیانات خود تو نہیں سنے البتہ اس کے بارے میں پڑھا ضرور ہے۔ کسی کی دل آزاری اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا درست نہیں۔ اقوام متحدہ بطور ادارہ تمام مذاہب کے احترام اور رواداری کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتا ہے۔