کراچی: آئی جی سندھ کے حکم پر شہر بھر کے مختلف مقامات پر جمعہ کو اسنیپ چیکنگ کی گئی، چیکنگ کے دوران نائن یونٹ کے خصوصی کتے ہر ٹیم کے ساتھ موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے خصوصی احکامات پر کراچی کے مختلف مقامات پر اسنیپ چیکنگ کی گئی۔
اسپیشل برانچ کی خصوصی ٹیمیں کراچی کے مختلف مقامات پر تعینات کی گئی تھی جبکہ کے نائن یونٹ کے خصوصی کتے بھی ہرٹیم کیساتھ موجود تھے جبکہ ٹریفک پولیس سمیت دیگرمتعلقہ ادارے اسیپ چیکنگ کا حصہ تھے۔ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی اسپیشل برانچ کی سربراہی میں اسیپ چیکنگ کی گئی، چوہدری سلطان اور طارق رزاق دھاریجو نے اسنیپ چیکنگ کی مکمل مانیٹرنگ کی۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بتایا کہ سسی ٹول پلازہ، موچکو سمیت اہم مقامات پر اسنیپ چیکنگ کی گئی، دوران اسنیپ چیکنگ سی آراو سسٹم اور بائیومیٹرک مشینیں بھی اسپیشل برانچ پولیس کے پاس موجود تھیں۔ اسنیپ چیکنگ کے دوران کالے شیشے، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر دستاویزات بھی چیک کی گئیں، آئی جی سندھ کے مطابق چیکنگ کا عمل روزانہ کی بنیاد پراچانک سے شروع کیاجائیگا، جس میں اسپیشل برانچ کے ہمراہ تمام ادارے اوراسپیشلائزڈ یونٹس بھی ہوں گے۔