اسلام آباد: الخدمت وومن ونگ کے شعبہ رضاکار کے تحت رضاکار خواتین اور الخدمت ایمبیسڈرز کے اعزاز میں ’’رضاکار میٹ اپ‘‘کا اہتمام کیا گیا۔ پروقار تقریب کا موضوع ’’شکریہ کرنے کا راز اور کامیاب زندگی‘‘ تھا۔
جس سے معزز مہمانوں نے خطاب کیا اور رضاکاریت کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالی اور بے لوث خدمات کو بھی اجاگر کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ہماری خواتین اور نوجوان خدمت خلق کے کاموں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیتے ہیں۔
یہ رضاکار جس طرح پورا سال الخدمت فاؤنڈیشن کی ہم مہم میں ساتھ دیتے ہیں اور ہر مشکل گھڑی اور سانحات میں الخدمت فاؤنڈیشن کے دست و بازو بنتے ہیں یقینا وہ لائقِ تحسین ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے الخدمت وولنٹیر مینجمنٹ پروگرام کی صورت میں نوجوانوں کو ایک بہترین پلیٹ فورم فراہم کیاہے۔
ہر وہ نوجوان جو دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہے وہ اس ٹیم کا حصہ بن سکتا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن وویمن ونگ کے ذمہ داران اور انچارج وولنٹیر مینجمنٹ پروگرام صنان اکبر بھی اس موقع پر موجود تھے۔