کراچی: حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے لیے پاکستان تحریک انصاف، تحریک لبیک پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے 5 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے جب کہ آج کاغذات نامزدگی فارم جمع کروانے کا آخری دن ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں پی ٹی آئی کے محمود باقی مولوی، ہارون رشید، ٹی ایل پی کے علامہ احمد رضا قادری، محمد شعیب اور پی ایس پی کے سید حفیظ الدین شامل ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر ضمنی انتخاب کے لیے 80 سے زائد فارم حاصل کیے جاچکے ہیں۔
شیڈول کے مطابق نامزدگی فارم 24 جون تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ جس کے بعد 25 جون کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری ہو جائے گی- 27 جون تک کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی- 30 جون تک ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف اپیل کی جاسکے گی-
شیڈول کے مطابق 4 جولائی تک اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گے، 5 جولائی کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی، 6 جولائی کو امیدوار دستبردار ہوسکیں گے اور 7 جولائی کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے جب کہ 27 جولائی کو این اے 245 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ہوگی۔