اسلام آباد: ملی یکجہتی کونسل نے وفاقی شرعی عدالت کے سود پر فیصلے کے خلاف اپیل کو قرآن و سنت سے بغاوت قرار دیا ہے۔
کونسل کا اجلاس سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں تمام مکاتب فکر کے علما نے کہا کہ اسلامی شریعت سود لینے اور دینے کو ممنوع قرار دیتی ہے۔ ربا سود کی ہر شکل حرام ہے۔
انہوں نے کہا کہ 28اپریل 2022 کو سپریم کورٹ شریعت ایپلیٹ نظرثانی بنچ کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی شرعی عدالت نے ایک مرتبہ پھر تاریخی فیصلہ دیا۔ پوری قوم نے کلمہ شکر ادا کیا اور یہ توقع تھی کہ وفاقی حکومت، وزارت خزانہ، اقتصادی ماہرین اور پالیسی ساز اپنی آئینی اور اسلامی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ پر عمل درآمد کے لیے نیک نیتی سے لائحہ عمل، روڈمیپ بنائیں گے، لیکن قومی بجٹ میں بھی اس کا کوئی ذکر نہ آیا اور نہ ہی سود کے خاتمہ اور اسلامی معاشی نظام کے لیے کوئی عندیہ دیا گیا۔
حکومتی بدنیتی، نااہلی اور اسلام بے زاری کا انتہائی نتیجہ سامنے آیا کہ وفاقی حکومت نے 1991 کی طرح پھر سے اسٹیٹ بنک آف پاکستان اور دیگر کمرشل بنکوں کو آگے کر کے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی کہ سودی نظام برقرار رہے۔ حکومتی عمل اللہ تعالیٰ اور اسلامیان پاکستان کی ناراضگی کا سبب بن گیا ہے۔ تمام دینی جماعتیں اپیل دائر کرنے کی شدید مذمت کرتی ہیں اور اسے قرآن وسنت، آئین پاکستان سے بغاوت قرار دیتی ہیں۔
ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مشاورتی اجلاس نے متفقہ مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت سپریم کورٹ سے اسٹیٹ بنک اور کمرشل بنکوں کو وفاقی شرعی عدالت کے فیصلوں پر عمل درآمد کو روکنے کی اپیلیں واپس لینے کا حکم جاری کرے۔ یہ اقدام بلاتاخیر کیا جائے۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ پورے ملک میں ان بنکوں سے رقوم نکلوانے کی زبردست تحریک چلائی جائے گی۔ملک بھر کے علما و مشائخ، خطیب حضرات سے اپیل ہے کہ یکم جولائی 2022 (یکم ذولحجہ) کو جمعہ کے خطابات، اجتماعات عید، منبر و محراب سے سود کے خاتمہ، حکومتی اسلامی بے زاری، اسٹیٹ بنک اور دیگر کمرشل بنکوں کی اللہ اور اس کے رسول کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عمل کی مذمت کریں۔
اجلاس میں کونسل کی رکن جماعتوں کے اراکین چیئرمین علما و مشائخ کونسل خواجہ معین الدین کوریجہ، علامہ عارف حسین واحدی نائب صدر اسلامی تحریک، سید ثاقب اکبر ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل، مفتی گلزار احمد نعیمی سربراہ جماعت اہل حرم پاکستان، عبداللہ گل سربراہ تحریک جوانان پاکستان، میاں محمد اسلم نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان، پروفیسر محمد ابراہیم نائب امیر جماعت اسلامی، فرید احمد پراچہ نائب امیر جماعت اسلامی، راجہ محمد اصغر نائب ناظم اعلیٰ تنظیم اسلامی، طاہر تنولی سیکرٹری فنانس ملی یکجہتی کونسل، ڈاکٹر شہزاد اقبال شام انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز، ڈاکٹر ساجد خاکوانی چیئرمین قلم کاروان اسلام آباد، نصراللہ رندھاوا صدر ملی یکجہتی کونسل اسلام آباد، علامہ سید جعفری نقوی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل شمالی پنجاب، عاطف وحید تنظیم اسلامی، عتیق الظفر خان جماعت اسلامی پاکستان اور دیگر نے شرکت کی۔