آج کے ترکی کے اہم اخبارات کی اہم خبروں کے ساتھ حاضرِ خدمت ہیں ۔
***روزنامہ ینی شفق: "صدر ایردوان: ہم نے جس یادداشت پر دستخط کیے وہ ایک تاریخی فتح ہے”
صدر رجب طیب ایردوان نے گزشتہ روز اسپین کے شہر میڈرڈ میں نیٹو رہنماؤں کے اجلاس کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ "مشکل مذاکراتی عمل کے بعد سویڈن، ترکی، فن لینڈ کی سہ فریقی یادداشت ترکی اور ہماری قوم کی سفارتی فتح ہے۔”
***روزنامہ حریت: "امریکی صدر بائیڈن: ہمیں ترکی کو F-16 فروخت کرنے چاہئیں”
نیٹو رہنماؤں کے سربراہی اجلاس کے بعد اپنے جائزہ اجلاس میں امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا کہ "ہمیں ترکی کو F-16 فروخت کرنے چاہئیں۔ اس کے برعکس اقدامات امریکہ کے مفاد میں نہیں ہوں گے۔ کانگریس کو منظوری دینی چاہیے، ہم ایسا کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔
***روزنامہ صباح: "ہسپانوی وزیر اعظم سانچیز کی طرف سے ترکی کا شکریہ”
ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے میڈرڈ میں منعقدہ نیٹو سربراہی اجلاس میں ترکی کے "تعمیری رویے” پر شکریہ ادا کیا۔ سانچیز نے کہا، "ترکی سیکورٹی اور ثالثی میں ایک اہم شراکت دار ہے۔ میں نے آج صدر ایردوان سے ملاقات کی۔ میں نے یوکرین کے خلاف روس کی جارحیت کو ختم کرنے اور بات چیت کو فروغ دینے کے لیے ان کی سفارتی کوششوں اور جنوبی حصے کو مضبوط بنانے میں ان کی حمایت کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
***روزنامہ خبر ترک : "مئی میں ترکی کی برآمدات میں اضافہ "
ترکی کی برآمدات ماہ مئی میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 15.3 فیصد بڑھ کر 18 ارب 984 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں ۔ جرمنی جس نے مئی میں برآمدات میں پہلا مقام حاصل کیا کو 1 ارب 492 ملین ڈالر برآمدات کی گئی ہیں ۔
***روزنامہ اسٹار: "ترکی کے لیے ایک اور گولڈ میڈل”
الجزائر میں منعقدہ 19ویں بحیرہ روم کے کھیلوں کے 5ویں دن قومی جوڈوکا ویدات البیرک نے 81 کلو کے فائنل میں اپنے اطالوی حریف کینی کومی بیڈل کو شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کرلیا ہے۔