وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیرعظم شہباز شریف نے سیف سٹی منصوبے کے لئے 40 ملین روپے جاری کرنے کی ہدایت کر دی اس سے وفاقی دارلحکومت میں 400 کیمرے نصب کیے جائیں گے ، آئی جی اسلام آباد سے وفاقی دارلحکومت کے 100 فیصد علاقے کی کوریج کے لئے فزیبلٹی رپورٹ مانگ لی ہے ،عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانا وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے ،سابق حکومت کو بیوائوں اور یتیموں کا خیال نہیں آیا ، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر پولیس کے شہدا اور دوران سروس جاں بحق ہونے والے لواحقین کو ایک ارب 22کروڑ روپے ادا کردیئے گئے ہیں ، گرین اور بلیو لائن میٹرو بس سے وفاقی دارلحکومت کے شہری اور دیہی آبادی استفادہ حاصل کرے گی،عیدالاضحی کے بعد وزیراعظم 30ارب لاگت سے کرال تا روات سگنل فری ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔
وہ جمعرات کو یہاں گرین اور بلیو لائن میٹروبس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم شہباز شریف تھے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ ، چیئرمین سی ڈی اے عامر علی ، وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے سیاسی امور ملک ابرار احمد سمیت دیگر تقریب میں شریک تھے ۔
وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج ایک عام آدمی کی سہولت کے لئے باوقار اور معیاری ٹرانسپورٹ سروس شروع کررہے ہیں ،آج حکومت کے 100دن پورے نہیں ہوئے لیکن آپ اور آ پ کی ٹیم کا طرہ امتیاز رہا ہے کہ عام آدمی کو خاص اہمیت حاصل رہی ہے ، آج جس سہولت کا آج آغاز ہورہا ہے یہ اسلام آباد کی شہری اور دیہی آبادی جو تقریبا 4ملین کے قریب ہے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے اور کرائے بڑھنے سے مالی دبائو کا شکار ہیں کے لئے ایسی سہولت ہوگی جو انھیں اشد ضرورت ہے ، عید الاضحی کے موقع پر ان کے لئے ایک خوشگوار تحفے سے کم نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کو وزیراعظم نے ہمیشہ اسے اپنی ترجیحی میں رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے مختلف شعبوں کے لئے جہاں فراغدلی کا مظاہرہ کیا وہیں اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے مساوی کرنے کا مطالبہ بھی پورا کیا جس پر ہم وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے مساوی کرنے سے ایک ارب کا مالی اثر پڑے گا ۔