کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ عید کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار کی ایم کیو ایم میں واپسی یقینی ہے۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا رواں برس بارشوں کے بعد صورت حال بہتر ہے مگر مزید بہتر ہونی چاہیے کیونکہ شہر میں مزید بارشیں ہوں گی۔
فاروق ستار سے متعلق سوال پر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا فاروق ستار سے ملاقاتیں خفیہ نہیں تھیں، عید کے بعد فاروق ستار کی ایم کیو ایم پاکستان میں واپسی یقینی ہے مگر پارٹی میں واپسی سے متعلق فیصلہ فاروق ستار نے خود کرنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے دونوں رہنماؤں کے درمیان روابط اور ملاقات سے متعلق خبریں میڈیا کی زینت بنی تھیں۔ جبکہ پارٹی ذرائع کی جانب سے فاروق ستار کی متحدہ پاکستان میں واپسی کی اطلاعات بھی ذرائع ابلاغ پر آنا شروع ہوگئی تھیں۔