کیا آپ کو معلوم ہے کہ ترکی کا فعال اور سب سے بڑا لائٹ ہاوس استنبول کی تحصیل شیلے میں واقع ہے؟
شیلے لائٹ ہاوس ترکی کا فعال اور سب سے بڑا لائٹ ہاوس ہے۔ یہ لائٹ ہاوس دنیا بھر میں بھی قدیم ہونے کے باوجود ابھی تک فرائض سرانجام دینے والا دوسرا بڑا لائٹ ہاوس ہے۔ شیلے لائٹ ہاوس کو عالمی سطح پر لانے والی خصوصیات اس کے ٹاور کا گھیراو اور اس کی روشنی کا بہت دُور سے دکھائی دینا ہے۔ عالمی معیاروں میں درجہ اوّل کیٹیگری میں شمار ہونے والے اس لائٹ ہاوس کی روشنی صاف آسمان والی راتوں میں 35 میل کی مسافت پر استنبول باسفورس تک سے دکھائی دیتی ہے۔
اس لائٹ ہاوس کی تعمیر 1858 میں شروع ہوئی اور 1859 میں مکمل ہو گئی۔ اس کی تعمیر کا مقصد کِرم جنگ کے دوران بحیرہ اسود سے استنبول باسفورس میں داخل ہونے والے بحری جہازوں کی رہنمائی کرنا تھا۔ شیلے لائٹ ہاوس کو مخصوص ترک طرزِ تعمیر پر تعمیر کیا گیا اور اس کا محدب کرسٹل سسٹم فرانس میں بنایا گیا۔ سطح سمندر سے 60 میٹر بلندی پر واقع اس لائٹ ہاوس کے ٹاور کی بلندی 19 میٹر ہے۔ لائٹ ہاوس سٹی الیکٹرسٹی سے چلتا ہے اور اس کی ساخت کو اس کی اصلی حالت میں محفوظ رکھا گیا ہے۔
شیلے لائٹ ہاوس اپنی تاریخی اور علامتی دونوں شناختوں کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے اور روزمرّہ زندگی میں بحیثیت عجائب گھر کے اس کے سیر کی جا سکتی ہے۔ قدیم روشنی کا نظام اور قدیم آلات لائٹ ہاوس کی تاریخ کے عکاس ہیں۔ لائٹ ہاوس کے اہم ترین پہلووں میں سے ایک یہاں سے دکھائی دینے والا بحیرہ اسود کا شاندار نظارہ ہے۔