امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے تائیوان کی پارلیمان سے خطاب کے بعد چین نے امریکی سفیر کو طلب کرلیا۔
خبر کے مطابق، ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے تائیوان کی پارلیمان سے خطاب کے بعد بیجنگ میں امریکی سفیر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
چین کے نائب وزیر خارجہ زی فینگ نے خبردار کیا کہ نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے نتائج سنگین ہوں گے اورچین خاموش نہیں بیٹھے گا،انہوں نے نینسی پلوسی کے دورے کو شیطانی قراردیا۔
چین کی وزارت خارجہ نے نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک چین اصول کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پلوسی کا دورہ چین کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہے جس کا شدید اثر چین امریکہ تعلقات کی سیاسی بنیاد پرپڑے گا۔
دوسری جانب روس نے چین کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نینسی پلوسی کا دورہ اشتعال انگیزی ہے، چین کو اپنی خود مختاری کے تحفظ کے لئے کارروائی کا حق حاصل ہے، چین تائیوان کو اپنا حصہ سمجھتا ہے جبکہ تائیوان اپنے آپ کو خود مختار ریاست قرار دیتا ہے۔