کراچی میں بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کا صبر جواب دے گیا، عوام نے اپنے غم وغصے کا اظہار کرنے کے لیے کے الیکٹرک کے دفاتر کے باہر احتجاج شروع کردیا.
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکیم 33 میں مدراس چوک پر شہریوں نے، کے الیکٹرک کے دفتر پر دھاوا بول دیا اور وہاں موجود کے الیکٹرک کی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے۔ احتجاج کے باعث کے الیکٹرک کا عملہ دفتر میں محصور ہوگیا، مشتعل شہریوں نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک معطل کردیا اور ٹائر بھی نذر آتش کیے۔
گلشن حدید میں بھی کے الیکٹرک کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا گیا، احتجاج میں تاجربرادری اورعوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ہجرت کالونی کے مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے پی آئی ڈی سی پل کو ٹریفک کیلئے بند کردیا، مظاہرین نے کے الیکٹرک آفس کا گھیراو کرلیا اور کے الیکٹرک کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ 12 سے 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے انکی زندگی اجیرن ہوچکی ہے، اس موقع پر پولیس اور رینجرزکی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ واضح رہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں رات 3 بجے سے صبح 5 تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہری شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں اور انہیں صبح دفاتر جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔