کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ سمیت ملک بھر میں بارشوں کے باعث تباہی ہوئی ہے،رواں سال بارشوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا،سندھ حکومت سیلاب متاثرین کےلئے ہر ممکن مدد کررہی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ سال کی بارشیں پورے سندھ میں ہوئی ہیں، کوئی ایسی جگہ نہیں جہاں معمول کے مطابق 600ملی میٹر سے زائد بارش نہ ہوئی ہو،صوبے میں دیہاتوں کے 15لاکھ گھر پوری طرح ڈوب گئے۔23اضلاع، 101تعلقہ اور 518گھر بارشوں سے شدید متاثر ہوئے، 90فیصد کاشتکار اپنی کاشتکاری سے محروم ہوگئے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ سیلاب زدگان کےلئے سہولیات پورا کرنے کےلئے پرعزم ہے ، 46ہزار ٹینٹس سٹاک میں موجود تھے،وہ بھی ختم ہوگئے ،اس وقت ہمیں دس لاکھ خیموں کی اشدضرورت ہے،ہماری کوشش ہے کہ متاثرین تک پکا پکا یا کھانا فراہم کیا جائے، گیس اور لکڑی کی کمی ہے،مشکل صورتحال کے باعث سیلاب متاثرین تک پہنچنے کےلئے کوشاں ہیں۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو بھی سیلاب متاثرین کی تکالیف اور ضروریات سے آگاہ ہیں، دکاندارمشکل وقت میں ذخیر ہ اندوزی سے باز رہیں،بلیک مارکیٹنگ نہ کریں،متاثرین کی امداد کریں،ورنہ سندھ حکومت ان کے خلاف سخت اقدامات لے گی۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ مخیر حضرات سے گزارش ہے کہ لاءاینڈ آرڈر کو ہاتھ میں نہ لیں،ہمارا اسٹا ک ختم ہے،سیلاب متاثرین کی ضروریات کو پورا کرنے میں ہماری مدد کریں،ہم نے دیگر صوبوں سے بھی مدد کی درخواست کی ہے تا کہ مشکل صورتحال میں متاثرین کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مشکل صورتحال کے باعث سیلاب متاثرین تک پہنچنے کےلئے کوشاں ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی سیلابی صورتحال سے آگاہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔2010میں انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا اور عوام کو ریلیف فراہم کیا۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی کئی علاقوں کا دورہ کیا اور سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا،وزیراعظم نے سندھ کی عوام کو مشکل وقت میں نہ چھوڑنے کا وعدہ کیا ،وزیراعظم کا خراب موسم کے باعث تین بار دورہ منسوخ ہو گیا،کل بھی ان کے دورے کا امکان ہے،مجھے نہیں لگتا کہ ان کا دورہ ہو سکے گا،چاہتے ہیں کہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کو سنبھالیں ۔ سندھ کے لوگوں سے اپیل ہے کہ سیلاب متاثرین کی اپنی حیثیت کے مطابق مدد کریں۔