کوئٹہ: سیکریٹری صحت بلوچستان حافظ طاہر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خطرناک بیماریاں پھیلانے کا انکشاف کردیا۔
ان خیالات کا اظہار سیکریٹری صحت بلوچستان حافظ طاہر نے پریش بریفنگ کے دوران کیا، انہوں نے بتایا کہ سیلابی صورتحال کے دوران محکمہ صحت کو بہت سے مسائل درپیش ہیں۔
حافظ طاہر کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیلاب سے ہمارے تحصیل ہیڈ کوارٹرز بھی متاثر ہوئے ہیں، متاثرین میں ہمارا محکمہ ہیلتھ بھی شامل ہیں مگر ہم پھر بھی کام کررہے ہیں۔
سیکریٹری صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ 550 بی ایچ یوز میں سے 150 بی ایچ یو سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اس کے باوجود بارش اور سیلا ب کے دوران پی پی ایچ آئی نے اپنا رول بہت موثر انداز میں ادا کیا ہے۔
سیکریٹری صحت حافظ طاہر نے کہا کہ بارش اور سیلاب کی وجہ سے جمع ہونے والے گندے پانی کی وجہ سے زیادہ بیماریاں پھیل رہی ہیں، جس کے سدباب کےلیے صوبے بھر میں 727 میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد بھی ہمیں 4 مہینے تک ان وبائی امراض سے لڑنا پڑے گا۔