حیدر آباد: صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ اس وقت پورا ملک سیلاب سے متاثر ہے صرف سندھ میں ساڑھے 17 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورا پاکستان سیلاب سے متاثر ہے، سیاست کیلئے بہت وقت ہے مگر اس وقت پورا ملک پریشان ہے، کتنے ہی سیاسی اختلافات ہوں مگر اس مسئلے پر تمام جماعتوں کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہوں۔
شرجیل میمن نیکہا کہ سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے 27 لاکھ 98 ہزار ایکڑ سے زائد فصلیں تباہ ہوئی ہیں، 2 ہزار کلو میٹر سے زائد سڑکیں مکمل تباہ ہوئی ہیں، 6 لاکھ 48 ہزار سے زائد خاندان متاثر اور 17 لاکھ 53 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ میں 1766ریلیف کیمپس قائم ہیں مزید بنا رہے ہیں، 4لاکھ 58 ہزار سے زائد متاثرین ریلیف کیمپس میں رہائش پذیر ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے 89 ہزار سے زائد ٹینٹ دیے گئے ہیں،شرجیل میمن نے کہاکہ حکومت سندھ نے بھی ٹینٹ کے لیے آڈرز دیے ہوئے ہیں جب کہ لاکھوں کی تعداد میں راشن بیگز کے آرڈر بھی کردیے ہیں۔